دالوں کا تال میل حلیم

مختلف دالوں اورگوشت سے تیار کردہ حلیم پوری دُنیا میں مشہور ہے۔ ہرجگہ حلیم کو بڑے ذوق وشوق سے کھایا اور پسند کیاجاتا ہے۔ اِس کی تیاری میں مختلف دالیں مثلاً مسور کی دال، چنے کی دال، ماش کی دال، جُو، گیہوں وغیرہ استعمال کیے جاتے ہیں۔ گائے ،بکرے یا چکن کے گوشت کے ساتھ مختلف مصالحوں کو ملاکر حلیم پکایا جاتا ہے اور ساتھ میں ہرا مصالحہ اور تلی ہوئی پیاز کا استعمال اِس کے ذائقے کو دوبالا کرتا ہے اور لیموں کے بغیر اس کو کھانا ناممکن ہے۔ اِن تمام چیزوں کو ڈالے بغیر حلیم میں مزہ نہیں آتا اور ساتھ میں ہو چاٹ مصالحہ تو کیا بات ہے۔ آگیا ناںآپ کے منہ میں بھی پانی۔ حلیم ہے ہی اِتنی مزیدار ڈش ہر جگہ اس کے کھانے والے موجود ہیں۔

ویسے تو پورے سال ہی اِس کو کھایا جاتا ہے لیکن ماہِ محرم میں نذرونیاز میں اِس ڈش کو خاص طورپر بنایا جاتا ہے۔ اِس کی تیاری میں باورچی حضرات بہت دل لگاکر بہترین مصالحوں کے ساتھ اس کو دیگوں میں تیار کرتے ہیں اور جتنی اِس کی گُھٹائی کی جاتی ہے یہ اِتنا اچھا اور ذائقے دار تیار ہوتا ہے۔
گھروں میں بھی خواتین اِس ڈش کو بڑے اہتمام سے تیار کرتی ہیں اور اپنے گھروں سے تعریفیں سمیٹتی ہیں۔دعوتوں میں بھی یہ ڈش اسپیشلی طورپر مہمانوں کے آگے پیش کی جاتی ہے۔ مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹ میں بھی اِس ڈش کو خاص تیار کیاجاتا ہے۔

کراچی کے علاقے بزنس روڈ کی مشہور فوڈ اسٹریٹ میں حلیم کی مختلف دُکانیں ہیں جہاں کی حلیم اپنے خوش ذائقہ ہونے کی وجہ سے بہت مشہور ہے اور اِن دُکانوں پر حلیم کے سیل پیک ڈبے بھی دستیاب ہوتے ہیں اور لوگ اندرونِ ملک اوربیرون ملک اپنے دوست احباب کو خریدکر بطور سوغات بھیجتے ہیں۔ مختلف دالوں کے تال میل سے تیار حلیم ہر دل کی پسند ہے اور ہر جگہ اس کے کھانے والے موجود ہیں۔ اب چاہے پاکستان کا شہر لاہور ہو یا کراچی، اسلام آباد ہو یا حیدرآباد حلیم ہر شہر اور ہر جگہ کی پسندیدہ ڈش ہے۔

Top